کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزاد ہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق اٹارنی جنرل عرفان قادر نے کہا ہے کہ ایسا ریفرنس جس میں بہت سے لوگ ملوث ہوں اس پر فوری فیصلہ نہیں آتا ہے،نمائندہ دی نیوز مہتاب حیدر نے کہا کہ ایف بی آر کو تمباکو سیکٹر سے متعلق باقاعدہ اسٹڈی کے بعد ریونیوز بڑھانے کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے،شاہزیب خانزادہ نے تجزیے میں مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا ہمیشہ یہ دعویٰ رہا کہ وہ اقتدار میں آتے ہی بڑی بڑی مافیاؤں کا خاتمہ کردیں گے، مگر جب سے پی ٹی آئی کی حکومت آئی ہے ہر بڑی مافیا فائدہ اٹھاتی نظر آئی ہے، تمام بڑی مافیاؤں کے بعد اب تمباکو مافیا بھی تحریک انصاف کی حکومت سے فائدہ اٹھانے میں کامیاب ہوگئی ہے۔سابق اٹارنی جنرل عرفان قادر نے کہا کہ نیب نے بہت سے ریفرنسز سپریم کورٹ کے احکامات کے تحت بنائے، اس وقت کی سپریم کورٹ نیب کو آرڈر جاری کرتی تھی، چیئرمین نیب نے اس وقت صدر پاکستان کو چٹھی لکھی تھی کہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس میرے کام میں اس طرح مداخلت کریں گے تومیں آزادانہ کام نہیں کرسکوں گا، ایسا ریفرنس جس میں بہت سے لوگ ملوث ہوں اس پر فوری فیصلہ نہیں آتا ہے، اس سے تاثر ملتا ہے کہ پاکستان کی سیاست کو ریگولیٹ کیا جارہا ہے، ایسے ریفرنسز میں نہ کک بیکس ملتی ہیں نہ کرپشن کا کوئی عنصر سامنے آتا ہے صرف فیصلہ سازی پر سوال اٹھائے جاتے ہیں،اس قسم کے احتساب نے حکومت کو چوک کردیا ہے، احتساب کے نام پر اس طرح کے کیسز نہیں بنائے جانے چاہئیں۔ نمائندہ دی نیوز مہتاب حیدر نے کہا کہ تمباکو پر 300روپے فی کلو ٹیکس کو بجٹ میں تو واپس نہیں لیا گیا لیکن اسپیکر قومی اسمبلی نے ایک خصوصی کمیٹی بنائی جس میں تمام جماعتوں کے لوگ شامل ہیں،اس کمیٹی کے اجلاس میں خیبرپختونخوا سے کچھ صوبائی وزراء ، سینیٹرز اور ارکان اسمبلی بھی موجود تھے،۔